
بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کا کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ آج 6402ویں روز بھی جاری رہا۔ آج احتجاجی کیمپ میں مہلب بلوچ نے شرکت کی اور اپنے والد واحد کمبر بلوچ کی جبری گمشدگی سے متعلق کوائف وی بی ایم پی کو فراہم کیے۔
انہوں نے اپنے والد کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد 19 جولائی 2024 سے جبری طور پر لاپتہ ہیں۔ ان کی طویل گمشدگی کے باعث خاندان شدید ذہنی کرب اور اذیت کا سامنا کر رہا ہے۔
مہلب بلوچ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ان کے والد واحد کمبر کی باحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور خاندان کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جائے۔
اس موقع پر وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے مہلب بلوچ کو یقین دہانی کرائی کہ واحد کمبر بلوچ کی جبری گمشدگی کا کیس کمیشن آف انکوائری آن انفورسڈ ڈس اپیئرنسز کے ہیڈ آفس اسلام آباد، حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کو فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ واحد کمبر بلوچ کی باحفاظت بازیابی کے لیے ہر متعلقہ فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔
نصراللہ بلوچ نے مطالبہ کیا کہ واحد کمبر بلوچ سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے۔ اگر کسی شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے منظرِ عام پر لا کر آئین و قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے اور جبری گمشدگیوں کا سلسلہ ختم ہو۔
