
حب کے علاقے اللہ آباد ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے حلیم زہری کی مبینہ جبری گمشدگی پر اہلِ خانہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
اہلِ خانہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حلیم زہری ولد عبدالقادر کو اللہ آباد ٹاؤن حب سے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حلیم زہری کا تعلق خضدار کے علاقے زہری سے ہے جبکہ وہ حالیہ دنوں میں حب کے علاقے اللہ آباد ٹاؤن میں مقیم تھے۔
خاندان کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ قبل بھی انہیں پسنی کے قریب حراست میں لیا گیا تھا، جہاں وہ کنٹانی میں مزدوری کرتے ہیں، تاہم بعد ازاں انہیں رہا کردیا گیا تھا۔ اہلِ خانہ کے مطابق اب ایک بار پھر انہیں حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا ہے۔
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حلیم زہری کو فوری طور پر بازیاب کرکے اہلِ خانہ کے سامنے پیش کیا جائے اور ان کی گمشدگی سے متعلق تفصیلات سامنے لائی جائے۔
