
بلوچستان کے شہر تربت میں ایک شدید دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تربت شہر میں قائم پاکستانی فورسز کے نیوی کیمپ کو مبینہ طور پر مسلح افراد نے راکٹ حملے کا نشانہ بنایا۔ اطلاعات کے مطابق حملے میں BM-12 راکٹ استعمال کیا گیا جو کیمپ کے اندر جا کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق راکٹ گرنے کے بعد کیمپ کے اندر دھماکہ ہوا، تاہم جانی و مالی نقصان کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔ غیر سرکاری اطلاعات میں فورسز کو جانی اور مالی نقصان پہنچنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی صورتحال میں کشیدگی کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔
