
لاہور: بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے نال گریشہ سے تعلق رکھنے والے استاد عبدالوہاب بلوچ 7 مارچ 2026 کو لاہور سے مبینہ طور پر جبری گمشدگی کا شکار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق عبدالوہاب بلوچ پیشے کے لحاظ سے ایک معلم ہیں اور وہ میر غوث بخش بزنجو پبلک ہائی اسکول نال اور انٹر کالج نال میں بطور ریمونریشن استاد اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق وہ چند روز قبل ذاتی کام کے سلسلے میں لاہور آئے ہوئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق عبدالوہاب بلوچ لاہور کے علاقے فیصل ٹاؤن بلاک ڈی میں موجود تھے جہاں سے نامعلوم افراد نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا، جس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔
اہل خانہ اور قریبی ذرائع نے ان کی جبری گمشدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عبدالوہاب بلوچ کو فوری طور پر بازیاب کر کے ان کے اہل خانہ کو آگاہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افراد کی مختلف شہروں سے جبری گمشدگی کے واقعات پر انسانی حقوق کی تنظیمیں پہلے بھی تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔
