
بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب ضلع تربت کے علاقے کیچ کور سے دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں ایک کی شناخت جبری لاپتہ نوجوان عمران کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق قلات کے علاقے زیارت میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ولی محمد عرف بابل کو قتل کردیا جبکہ محمد اسحاق شدید زخمی ہوگئے۔ لاش اور زخمی کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمی کو تشویشناک حالت میں کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔ پولیس نے واقعے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
ادھر تربت میں کیچ کور کے مقام سے دو افراد کی لاشیں ملنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ایک لاش کی شناخت عمران ولد تاج محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران کو 25 جون 2025 کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے وہ منظرعام پر نہیں آئے تھے۔ دوسری لاش کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
