بلوچ سیاسی رہنماؤں کے سروں کی قیمت مقرر کرنا بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں کے منافی ہے، رحیم بلوچ ایڈووکیٹ

بی این ایم کے رہنما رحیم بلوچ ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بی ایس او کے سابق مرکزی سیکریٹری جنرل و بلوچ نیشنل موومنٹ کے رہنماء میر سفیر بلوچ، فری بلوچستان موومنٹ کے سربراہ میر حیربیار مری، بلوچ ریپبلکن پارٹی کے سربراہ میر براہمدغ بگٹی اور دیگر بلوچ سیاسی رہنماؤں کے سروں کی قیمت مقرر کرنا قابلِ مذمت ہے۔ حکومت کا یہ اقدام سراسر بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ محض سیکیورٹی کا نہیں بلکہ آزادی اور حقِ خودارادیت کا ہے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 1(2)، شہری و سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے (ICCPR) کے آرٹیکل 1، معاشی، سماجی و ثقافتی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے (ICESCR) کے آرٹیکل 1، اور جنرل اسمبلی کی قرارداد 1514 (XV) میں اس بات کو تسلیم کیا گیا ہے کہ ہر قوم کو اپنے سیاسی مستقبل کے تعین، معاشی وسائل پر اختیار اور ثقافتی شناخت کے تحفظ کا حق حاصل ہے۔

رحیم بلوچ ایڈووکیٹ نے کہا کہ بی این ایم اور دوسرے بلوچ سیاسی جماعتوں کی حق تنظیم سازی اور سیاسی سرگرمیوں پر قدغن لگانا، اختلافِ رائے کو جرم بنانا، بی وائی سی کی قیادت سمیت انسانی حقوق کے کارکنوں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرکے پابند سلاسل کرنا اور بلوچ سیاسی قیادت کو دہشت گرد قرار دینا بین الاقوامی انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں، بالخصوص آزادیِ اظہار، حق تنظیم سازی اور شفاف و منصفانہ قانونی عمل، سے متصادم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ سرمچاروں کی کارروائیوں کو جواز بنا کر پوری بلوچ قوم کی سیاسی آواز کو دبانا، جبری گمشدگی اور ماورائے عدالت قتل کو پالیسی بنانا واضح طور پراجتماعی سزا کا ظالمانہ عمل ہے۔ ریاست کی یہ فسطائی پالیسی بلوچ قومی مسئلے کے پر امن حل کے امکانات کو مزید کمزور کرتا ہے۔ بلوچستان کے مسئلے کا حل ریاستی طاقت کے استعمال اور تشدد میں نہیں بلکہ بلوچ قوم کی آزادی اور خود ارادیت کے حق کو تسلیم کرنے، سیاسی مکالمے کیلئے بین الاقوامی ضمانت اور فریم ورک فراہم کرنے، اور انسانی حقوق کے احترام میں ہے۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ