
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) سے منسلک سڑک پر واقع رخشاں ندی کے پل کو زور دار دھماکے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پل کے کچھ حصے متاثر ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دراز علاقوں تک سنی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے فوراً بعد فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور اس کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ پل کو پہنچنے والے نقصان کا تکنیکی جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے باعث پل کے بعض حصے متاثر ہوئے، جس کے بعد ٹریفک کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔
