
بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تمپ کے علاقے گومازی میں ہفتے کی علی الصبح پاکستانی فوج کے قافلے پر ہونے والے حملے میں 9 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ ہلاک اہلکاروں کی لاشیں فضائی ذریعے سے تربت منتقل کر دی گئیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق حملہ صبح تقریباً چار بجے اس وقت کیا گیا جب سیکیورٹی فورسز کا قافلہ مقررہ راستے سے گزر رہا تھا۔ حملہ آور قافلے کے راستے میں انتہائی قریب سے مورچہ زن تھے اور قافلہ موقع پر پہنچتے ہی شدید فائرنگ کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چھ گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 9 اہلکار موقع پر ہلاک ہو گئے، جبکہ مزید نقصانات سے متعلق مختلف اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
ابتدائی طور پر ہلاک اہلکاروں کی لاشیں ایف سی کیمپ تمپ منتقل کی گئیں، بعد ازاں انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے تربت شہر پہنچایا گیا ہے۔
