
بلوچستان کے علاقے کچھی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ضلع کچھی (بولان) کے صدر مقام ڈھاڈر میں رند علی بازار کے علاقے میں پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو نشانہ بنایا، جو شدید زخمی ہونے کے باعث موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سٹی تھانہ ڈھاڈر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کیا گیا۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ریٹائرڈ ملازم ڈی سی آفس ڈھاڈر کے بابو نثار احمد، قوم ہانبھی، کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔
سٹی تھانہ ڈھاڈر پولیس نے واقعے کی مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، تاہم آخری اطلاعات تک فائرنگ کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں
