
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا، جب کہ دالبندین سے ایک نامعلوم لاش بھی برآمد ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ضلع پنجگور کے علاقے تسپ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت بالاچ ولد حامد کے نام سے ہوئی ہے۔ قتل کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ لاش کو ہسپتال منتقل کرنے کے بعد ضروری کارروائی مکمل کرکے ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔
دوسری جانب دالبندین سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ علاقائی ذرائع کے مطابق نعش کو پرنس فہد ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، تاہم تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔
ادھر ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں جوسک کے علاقے میں کچرے کے ڈھیر میں دھماکے سے ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی بچے کی شناخت عادل ولد قادر، ساکن مچھلی مارکیٹ تربت کے نام سے ہوئی ہے۔ بچے کو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق دھماکے سے بچے کی ایک ٹانگ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
دھماکے کی نوعیت تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
