
بلوچستان کے ضلع تربت میں ایم ایٹ روڈ پر سنگئی کراس کے مقام پر موٹر سائیکل اور ایک گاڑی کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس میں موٹر سائیکل سوار سامنے سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا گیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت امین ولد محمد کے نام سے ہوئی ہے، جو آواران کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے بعد ایم ایٹ روڈ پر ٹریفک کچھ دیر کے لیے معطل رہی، جسے بعد ازاں بحال کر دیا گیا۔
