
بلوچستان کے علاقے تربت، کولواہ اور سوراب میں گزشتہ روز مختلف واقعات میں پاکستانی فورسز، سیندک کے قافلے اور ڈامپر گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
گزشتہ روز صبح کے وقت گیارہ بجے سوراب اور رودینجو کے درمیان بتگو کراس کے مقام پر آر سی ڈی شاہراہ پر بڑی تعداد میں مسلح افراد نے گھنٹوں تک ناکہ بندی کی۔ اس دوران مسلح افراد نے سیندک جانے والے گاڑیوں کے قافلے کی سیکیورٹی پر مامور فورسز پر بھی حملہ کیا۔ مسلح افراد اور فورسز کے درمیان کافی دیر تک جھڑپ بھی جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق حملے میں گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے دو ڈمپر گاڑیوں اور ایک ایکسکیویٹر کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں بھاری مشینری کو شدید نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ رات گئے پیش آیا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ آگ لگنے کے باعث گاڑیاں جل کر ناکارہ ہو گئیں۔
ادھر تربت میں مسلح افراد نے گزشتہ رات نیوی کے کیمپ پر ایک دستی بم پھینکا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حملوں کی ذمہ داریاں تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہیں۔
