تہران: سابق افغان پولیس کمانڈر اکرام الدین سری فائرنگ   سے ہلاک

تہران میں فائرنگ کے ایک واقعے میں سابق افغان حکومت کے دور میں صوبہ بغلان اور تخار میں تعینات رہنے والے پولیس کمانڈر اکرام الدین سری ہلاک ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اکرام الدین سری کو مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 7:30 بجے اُس وقت گولیاں ماری گئیں جب وہ تہران میں اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ دفتر سے باہر نکل رہے تھے۔ فائرنگ کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم سر پر گہرے زخم آنے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔ واقعے میں ان کے ساتھ موجود دو ساتھیوں میں سے ایک ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں ہے۔

ایرانی پولیس نے تاحال واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا اور نہ ہی کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

افغانستان کی طالبان حکومت کے مخالف عسکری گروہ نیشنل ریزسٹنس فرنٹ آف افغانستان کے خارجہ تعلقات کے سربراہ علی میثم نظری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں اکرام الدین سری کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اس واقعے میں طالبان حکومت کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ تاہم طالبان حکومت کی جانب سے بھی اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ماضی میں طالبان افغانستان کی سرحدوں سے باہر کسی بھی سکیورٹی یا فوجی سرگرمی میں ملوث ہونے کی تردید کرتے رہے ہیں۔

یہ واقعہ ایران میں حالیہ مہینوں کے دوران طالبان مخالف شخصیات کی ہلاکت کا دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ چار ماہ قبل ایران کے شہر مشہد میں مقیم ایک افغان جہادی کمانڈر معروف غلامی بھی مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے تھے۔

اکرام الدین سری 2021 سے تہران میں مقیم تھے۔ انہوں نے 2017 سے 2019 تک سابق افغان صدر اشرف غنی کے دور میں صوبہ بغلان کے پولیس کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دیں، بعد ازاں انہیں صوبہ تخار کا پولیس کمانڈر مقرر کیا گیا۔ طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ 2021 میں ایران منتقل ہو گئے تھے۔

بی بی سی کو دستیاب ذرائع کے مطابق اکرام الدین سری سابق افغان فوجیوں کے ساتھ مل کر ایرانی حکومت سے رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنے کی کوششوں میں سرگرم تھے، جس کا مقصد سابق فوجیوں کو ایران سے افغانستان واپس بھیجے جانے سے روکنا تھا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے سے قبل اکرام الدین سری کو ایک فون کال موصول ہوئی تھی، جس میں کال کرنے والے نے کسی مسئلے کے حل میں تعاون کی درخواست کی تھی۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

دالبندین اور اورماڑہ میں ٹریفک حادثات، تین افراد ہلاک، ایک زخمی

جمعرات دسمبر 25 , 2025
بلوچستان کے علاقوں دالبندین اور اورماڑہ میں پیش آنے والے دو الگ الگ ٹریفک حادثات میں تین افراد ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ دالبندین کے علاقے ڈھڈر میں زمیاد گاڑی اور بوزر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ