
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں فائرنگ اور ٹریفک حادثات کے نتیجے میں ماں اور بیٹے سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع نصیر آباد میں پیر کے روز نامعلوم مسلح افراد نے ایس پی آفس کے قریب فائرنگ کرکے ماں اور بیٹے کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق منجھو شوری سے بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب ضلع تربت میں سی پیک روڈ پر بلیدہ کراس کے مقام پر ٹریکٹر اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے کی شناخت ظریف ولد روش، سکنہ ہوشاپ کے نام سے ہوئی ہے۔
اسی طرح ضلع پنجگور کے علاقے گوران میں تیز رفتار زمیاد گاڑی نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے میں زہیر احمد ولد موسیٰ جاں بحق جبکہ یعقوب ولد موسیٰ (سکنہ خدابادان) اور صغیر احمد ولد فتح محمد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
