
مکران میڈیکل کالج تربت میں سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کے خلاف طلبہ و طالبات کا احتجاجی دھرنا پانچویں روز بھی جاری ہے۔ طلبہ نے نتائج میں مبینہ بے ضابطگیوں اور غیر شفاف فیصلوں کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے اپنے مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
احتجاج کا آغاز کالج کے اندر ایڈمن بلاک کے سامنے دھرنے سے کیا گیا، تاہم کالج انتظامیہ کی جانب سے کوئی تسلی بخش جواب نہ ملنے پر طلبہ نے احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کالج کے مرکزی گیٹ کے باہر ایم–8 شاہراہ کو بلاک کر دیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
احتجاجی طلبہ کا کہنا ہے کہ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج میں شفافیت کا فقدان ہے، جس کے باعث تین طلبہ کو فیل قرار دیا گیا جبکہ بعض طلبہ کو ریپیٹ ایئر کا سامنا ہے، جو ان کے تعلیمی مستقبل کے لیے نقصان دہ ہے۔
طلبہ کے مطابق انہوں نے متعدد بار انتظامیہ کو نتائج میں مبینہ غلطیوں سے آگاہ کیا، مگر نہ تو نتائج پر نظرثانی کی گئی اور نہ ہی کوئی واضح مؤقف اختیار کیا گیا، جس پر احتجاج ناگزیر ہو گیا۔
طلبہ و طالبات نے مطالبہ کیا ہے کہ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، فوری نظرثانی کی جائے اور فیل یا ریپیٹ ایئر کے فیصلے واپس لیے جائیں۔ طلبہ نے واضح کیا ہے کہ مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔
دوسری جانب خبر فائل کیے جانے تک مکران میڈیکل کالج کی انتظامیہ کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
