
بلوچستان ضلع پنجگور کے علاقے تسپ میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کے ایک اہلکار کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا۔ مقتول خلیل احمد ولد احمد کی لاش تسپ کے علاقے چکل کلگ سے برآمد ہوئی، جو چند روز قبل لاپتہ ہو گئے تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق خلیل احمد کو 12 دسمبر کی شام نامعلوم افراد نے اکزیو اور سلور رنگ کی گاڑی میں اغوا کیا تھا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار ڈی پی او پنجگور سے رجوع کیا، تاہم انہیں صرف تسلیاں دی گئیں اور اغوا کاروں کی شناخت کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
مقتول کے لواحقین نے ڈی پی او آفس کے سامنے دھرنا دے کر انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر قاتلوں کو فوری گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے آبسر کے ریسرچ فارم میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک اور شخص ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت رحمدل ولد فضل، سکنہ ڈاکی بازار آبسر کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنے دوستوں کے ہمراہ پکنک منانے آیا تھا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔
دونوں واقعات کے محرقات معلوم نہیں ہوسکے۔
