
گزشتہ روز پنجگور کے علاقے بالگتر میں پاکستانی فوج کی جانب سے مارٹر فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق زخمی خاتون کی شناخت دردانہ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ نذیر احمد نامی شخص کی زوجہ ہیں۔ پاکستانی فوج نے گزشتہ رات اندھیرے میں عام آبادی پر گھروں پر مارٹر گولے داغے، جس کے ایک گھر پر گرنے سے وہ زخمی ہو گئی۔
واضح رہے کہ دس روز قبل کیچ کے علاقے ہوشاپ میں پاکستانی فوج کی مارٹر فائرنگ سے یاسمین ناصر جاں بحق اور طاہرہ خالد، دورین خالد اور آسیہ شمبے زخمی ہو گئے تھے۔
دوسری جانب دالبندین میں زبیر بلوچ اور ان کی ہمشیرہ رحیمہ بلوچ کی جبری گمشدگی کے خلاف اہل خانہ نے سڑک بلاک کر دی۔ احتجاج میں خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں حصہ لیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے گزشتہ روز دالبندین کی ظہور کالونی پر چھاپہ مار کر زبیر بلوچ ولد محمد رحیم اور رحیمہ بلوچ بنت محمد رحیم کو حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔
انہوں نے زبیر اور رحیمہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی رہائی تک احتجاج جاری رکھیں گے۔
