
بلوچستان کے اضلاع کیچ، خاران اور قلات میں پاکستانی فورسز کو مسلح حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں علاقوں میں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ شب خاران کے علاقے لجے میں پاکستانی فورسز کو مسلح افراد نے حملے کا نشانہ بنایا۔ یہ حملہ لجے کے علاقے شوآپ میں اس وقت کیا گیا جب فورسز نئے آؤٹ پوسٹس (چوکیاں) بنانے میں مصروف تھیں۔ مقامی افراد کے مطابق، رات گئے فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ صبح سویرے فوج کی نقل و حرکت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
دوسری جانب قلات کے علاقے منگچر میں بھی گزشتہ شب فورسز کے کیمپ کی جانب متعدد دھماکوں کے ساتھ شدید فائرنگ کی آواز سنی گئی۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ رات نو بجے شروع ہونے والے دھماکوں اور فائرنگ کا یہ سلسلہ تین گھنٹوں سے زائد وقفے وقفے سے جاری رہا۔
اس سے قبل، گزشتہ روز صبح سویرے مسلح افراد کی بڑی تعداد نے ضلع کیچ کے علاقے ہوشاپ میں پاکستانی فورسز کے مرکزی کیمپ کو حملے میں نشانہ بنایا۔
ان حملوں کے حوالے سے حکام نے تاحال کوئی تفصیلات یا سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔ اور نہ ہی کسی تنظیم نے حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔
