
بلوچستان کے ضلع کچھی کے تحصیل سنی میں ایک گھر کے اندر خوفناک بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں تین کمسن بچوں کی جانیں چلی گئیں جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔
قائم مقام ایس پی کچھی جان محمد کھوسہ نے بتایا کہ دھماکہ عبدالحئی جتوئی کے گھر میں تب ہوا جب بچے کھیل رہے تھے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے بچوں میں ندیم احمد، سونا خان اور بی بی بختاور شامل ہیں، جن کی عمریں تقریباً 13 سے 14 سال کے درمیان تھیں۔ زخمی ہونے والے تین افراد کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق نامعلوم افراد نے دو روز قبل اس گھر میں بارودی مواد نصب کیا تھا، جو بدقسمتی سے پھٹ گیا۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور واقعے کے ذمہ داروں کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
