
بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاکستانی فورسز نے دو نوجوانوں کو مختلف علاقوں سے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تمپ کے علاقے میں پاکستانی فورسز نے چھاپہ مار کر یاسر بلوچ نامی نوجوان کو حراست میں لیا۔ اہلِ خانہ کے مطابق فورسز نے نیامت اللہ کے گھر پر کارروائی کرتے ہوئے یاسر بلوچ کو بغیر کسی چارج کے گرفتار کیا اور لے گئی۔ چھاپے کے دوران گلیاں سیل کی گئیں، گھر گھر تلاشی لی گئی اور موبائل فون ضبط کیے گئے۔
ادھر تمپ کے ہی علاقے گومازی میں گزشتہ رات پاکستانی فورسز نے ایک اور چھاپہ مار کارروائی کی جس کے دوران عمران ولد نادل قومی نامی نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد جبری لاپتہ کردیا۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ عمران کی شادی ایک دن بعد طے تھی اور وہ تیاریوں میں مصروف تھا جب فورسز اسے لے گئیں۔ ان کے مطابق گرفتاری کی وجہ نہیں بتائی گئی اور اب تک عمران کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دی جا رہی۔
دونوں خاندانوں نے حکام سے فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
