
بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آزاد) نے بلوچ شہدا کے دن کے موقع پر شروع کی گئی اپنی میڈیا کیمپئین کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مہم شہدا کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور نئی نسل کو ان کے فلسفہ اور جدوجہد سے جوڑنے کے لیے ترتیب دی گئی تھی۔
تنظیم کے ترجمان کے مطابق مہم کے دوران بلوچ شہدا کے بارے میں بنیادی معلومات، ویڈیوز، ان کی زندگی اور جدوجہد پر مبنی انفوگرافکس، اور سوانح حیات شائع کی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شہدا سے متعلق آرکائیول ڈیٹا اور ان کے اہلِ خانہ کے خصوصی پیغامات بھی قوم تک پہنچائے گئے، جس نے شہدا کی جدوجہد اور قربانیوں کو یاد رکھنے کے عمل کو مضبوط کیا۔
ترجمان کے مطابق شہدا کے دن کی مناسبت سے بی ایس او آزاد کے تمام زونز میں سیمینارز، اسٹڈی سرکلز اور مختلف سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں نوجوانوں کو شہدا کی سوچ، نظریات اور فلسفۂ قربانی سے روشناس کرایا گیا۔ مزید برآں تنظیم کی جانب سے جذبۂ شہادت و آزادی کے موضوع پر ایک خصوصی نغمہ بھی ریلیز کیا گیا جس کا مقصد قومی جذبے کو مزید تقویت دینا تھا۔
بی ایس او آزاد کے ترجمان نے کہا کہ یہ جہد صرف ایک میڈیا کیمپئین تک محدود نہیں تھی، بلکہ شہدا کی فکری و نظریاتی وراثت کو نئی نسل تک منظم طریقے سے منتقل کرنے کی ایک کوشش تھی۔ ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگرچہ مہم آج اختتام پذیر ہوگئی ہے، تاہم شہدا کو آزادی کی جدوجہد کا رہبر سمجھتے ہوئے یہ عمل مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ آزادی کی تحریک آج جس مرحلے تک پہنچی ہے، وہ انہی قربانیوں کا نتیجہ ہے، اور شہدا ہر قدم پر رہنمائی، حوصلے اور نظریاتی استحکام کا ذریعہ ہیں۔
