
سری نگر: بھارتی زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کے علاقے نوگام میں واقع پولیس اسٹیشن میں ایک شدید دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد پولیس اسٹیشن کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ قریبی گاڑیاں بھی جل گئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس اور فرنسک ماہرین اسٹیشن میں رکھی گئی ضبط شدہ دھماکا خیز مواد کی جانچ کر رہے تھے۔ حکام اس واقعے کو حادثاتی دھماکہ قرار دے رہے ہیں تاہم دیگر پہلوؤں پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔
دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اگرچہ ابتدائی بیان میں دہشت گرد حملے کے امکان کو کم قرار دیا گیا ہے، تاہم سیکیورٹی ادارے یہ بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا دھماکا غیر محفوظ اسٹوریج کے نتیجے میں ہوا یا اس کے پیچھے کسی گروہ کی سازش شامل ہے۔
دھماکے کے بعد اسٹیشن اور آس پاس کے علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ نقصانات کا تخمینہ لگانے اور شواہد اکٹھا کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
