
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے اورناچ شہر پر بلوچ سرمچاروں نے کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے پولیس تھانوں پر قبضہ کر کے سرکاری اسلحہ اور دیگر سامان اپنے قبضے میں لے لیا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے علاقے میں گشت کیا اور عوامی اجتماعات سے خطاب بھی کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، دوپہر تقریباً بارہ بجے تک یہ علاقہ بلوچ سرمچاروں کے کنٹرول میں رہا۔
دوسری جانب، خضدار-کوئٹہ-کراچی مرکزی شاہراہ پر اورناچ کراس کے مقام پر بڑی تعداد میں مسلح افراد نے گزشتہ شب چیک پوسٹ قائم کر کے گذشتہ چار گھنٹوں سے ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ جاری رکھی۔
پنجگور میں سی پیک شاہراہ پر بھی مسلح افراد کی بڑی تعداد نے گذشتہ روز شام چار بجے سے آٹھ بجے تک ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی۔
اسی دوران تربت کے علاقے ہیرونک میں مسلح افراد نے پاکستانی فوج کے کیمپ پر حملہ کیا، جس کے دوران شدید دھماکے اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
