
بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مختلف شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی ہے، جبکہ متعدد علاقوں میں تھریٹ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 36 اضلاع میں 3G اور 4G موبائل انٹرنیٹ سروسز 10 نومبر سے 16 نومبر 2025 تک معطل رہیں گی۔
ان اضلاع میں شامل ہیں: کوئٹہ، گوادر، چمن، خضدار، تربت، قلات، لسبیلہ، مستونگ، نصیرآباد، سبی، ژوب، ہرنائی، پنجگور، کیچ، کچھی، سوراب، کوہلو، دکی، قلعہ سیف اللہ، پشین، قلعہ عبداللہ، بارکھان، آواران، جعفرآباد، موسیٰ خیل، خاران، زیارت، دالبندین، نوشکی، اوستہ محمد، واشک، بولان، جھل مگسی، حب اور ڈیرہ بگٹی۔
حکام کے مطابق یہ اقدام سیکیورٹی اداروں کی سفارش پر اٹھایا گیا ہے تاکہ ممکنہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹا جا سکے۔
انٹرنیٹ سروس کی معطلی سے عام عوام، طلبہ، کاروباری برادری اور صحافتی ادارے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام معلومات تک عوامی رسائی پر قدغن کے مترادف ہے۔
دوسری جانب ضلع خضدار کی تحصیل نال میں سیکیورٹی خدشات کے باعث تمام بینکوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
