
بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں گزشتہ روز ہونے والے حملے کے بعد پاکستانی فوج کے ہیلی کاپٹر علاقے کا مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ حملے میں زخمی ہونے والے تین اہلکاروں کو تشویشناک حالت میں سی ایم ایچ خضدار منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں کیپٹن رینک کے ایک افسر بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں ناکہ بندی سخت کر دی گئی ہے اور مقامی افراد کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ آواران اسپتال میں کسی کو آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
آزاد ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں ہلاکتوں کی تعداد کافی زیادہ ہے اور ہلاک ہونے والے اہلکاروں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔
اب تک سرکاری ذرائع کی جانب سے اس حملے کے حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے اور کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
