
بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں پاکستانی فورسز کے قافلے پر مسلح افراد نے شدید حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکاروں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق، حملہ اس وقت پیش آیا جب فورسز کا قافلہ علاقے میں فوجی آپریشن کے بعد واپس جا رہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے اور قافلے کو شدید فائرنگ اور دھماکوں سے نشانہ بنایا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، حملے میں کم از کم تین فوجی گاڑیاں تباہ ہوئیں جو تاحال سڑک کے کنارے موجود ہیں۔ اس دوران علاقے میں ایک گھنٹے سے زائد وقت تک فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
واقعے کے بعد آواران اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جبکہ متعدد ایمبولینسیں اور فوجی گاڑیاں ہلاک و زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے روانہ کی گئی ہیں۔
تاحال کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم چند روز قبل بھی جھاؤ کے علاقے میں فورسز پر حملہ ہوا تھا جس میں حملہ آور اسلحہ بھی ساتھ لے گئے تھے، جس کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے قبول کی تھی۔
