
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے تین الگ الگ واقعات پیش آئے جن میں مجموعی طور پر 3 افراد ہلاک جبکہ خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
جھل مگسی سٹی میں گھریلو تنازعے پر داماد نے اپنے سسر کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سسر صیفل مجیدانی مگسی موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزم کی بیوی، سالہ سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر بیوی کو نہ دینے کے تنازعے پر پیش آیا۔ واقعہ کے بعد ملزم محمد رفیق مجیدانی مگسی فرار ہوگیا۔
پولیس نے لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمیوں کو مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
ضلع اوستہ محمد کی تحصیل گنداخہ کے علاقے باغ ہیڈ گاؤں محمد جان برڑو میں واٹر کورس سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت سیف اللہ برڑو کے نام سے ہوئی ہے۔ لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی، اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
دالبندین میں بھی فائرنگ کے دو مختلف واقعات پیش آئے۔
پہلے واقعے میں مشرقی بائی پاس شیر چوک پر حجام کی دکان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے نظر محمد ولد رحمت اللہ قوم محمد حسنی کو شدید زخمی کردیا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
فائرنگ کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔
دوسرے واقعے میں لنک بائی پاس روڈ پر رقم کے لین دین کے تنازعے پر فائرنگ سے دو سگے بھائی عبداللہ اور نصراللہ ولد بیبرگ شدید زخمی ہوگئے۔
دونوں زخمیوں کو پرنس فہد ہسپتال دالبندین منتقل کیا گیا، جہاں نصراللہ کو طبی حالت نازک ہونے پر کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔
