
کوئٹہ کے علاقے سریاب لنک شاہوانی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے دو نوجوانوں کو باندھ کر ذبح کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق، 22 سالہ ضیاء الرحمن اور ان کے دوست شاہد گل کو مسلح ملزمان نے نشانہ بنایا۔
واقعے کے بعد مقتولین کی لاشیں ضروری کارروائی کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ ضیاء الرحمن لورالائی کا رہائشی اور پلاسٹک کے گودام میں چوکیدار تھا، جبکہ ان کے دوست شاہد گل لکی مروت کے رہائشی تھے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر دی جائے تاکہ قاتل جلد از جلد گرفتار کیے جا سکیں۔
