
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے نال میں گزشتہ روز مسلح افراد کی بڑی تعداد نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کرکے علاقے کو تقریباً پانچ گھنٹے تک علاقے کو اپنے کنٹرول میں رکھا۔ اس دوران حملہ آور پولیس اہلکاروں سے اسلحہ اور گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے ایک مقامی استحصالی کمپنی کے کیمپ اور مشینری کو بھی آگ لگا دی اور 13 افراد کو اپنے حراست میں لے کر اپنے ساتھ لے گئے جس کے بعد جیٹ طیاروں کی مسلسل پروازیں جاری ہیں۔ جبکہ زمینی آپریشن بھی جاری ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق نال اور اس کے گرد و نواح میں صبح سے جیٹ طیاروں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سورگر، دراج کور اور شاشان کے درمیانی پہاڑی سلسلوں پر فضائی گشت جاری ہے۔ جبکہ ابھی کچھ دیر قبل شاشان کے پہاڑی میں ایک زور دار دھماکے کی آواز سنائی گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق علاقے میں شیلنگ کی بھی اطلاع ملی ہے، تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
نال کنٹرول کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
