
بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر حاجی شہر میں اتوار کو بڑی تعداد میں مسلح افراد نے داخل ہو کر شہر کا کنٹرول سنبھال لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد نے لیویز تھانے پر دھاوا بول کر اہلکاروں کو یرغمال بناکر ان کا اسلحہ اور دیگر سامان تحویل میں لے لیا، جس کے بعد تھانے کو آگ لگا دی گئی۔
واقعے کے بعد مسلح افراد نے شہر کی اہم سڑکوں پر گشت کیا اور مختلف مقامات پر ناکہ بندی قائم کر دی۔ تاحال کسی جانی نقصان یا گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ ہفتوں میں بلوچستان کے مختلف شہروں میں اس نوعیت کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ گزشتہ روز پنجگور میں مسلح افراد نے پولیس تھانے پر قبضہ کر کے اہلکاروں کا اسلحہ چھین لیا تھا، جس کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے قبول کی تھی۔
ڈھاڈر حاجی شہر میں پیش آنے والے اس واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
