
زیارت: بلوچستان لیویز ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر زیارت محمد افضل کے صاحبزادے مستنصر بازیاب ہو گئے ہیں، جنہیں تقریباً دو ماہ قبل اپنے والد کے ہمراہ اغوا کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، مستنصر کو ضلع ہرنائی کے علاقے سے رہا کیا گیا ہے، تاہم ان کے والد اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل تاحال اغواکاروں کی قید میں ہیں۔
واضح رہے کہ دو ماہ قبل نامعلوم مسلح افراد نے زیارت کے قریب علاقے سے اے سی محمد افضل اور ان کے بیٹے کو اغوا کیا تھا، جس کے بعد حکام کی جانب سے ان کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری تھیں۔
ادھر حکام کا کہنا ہے کہ مستنصر کی بازیابی ایک اہم پیش رفت ہے تاہم اسسٹنٹ کمشنر کی رہائی کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
