
بلوچستان کے ضلع سوراب میں کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ پر مل شاہورائی کے مقام پر مسلح افراد نے ایک گھنٹے تک ناکہ بندی اور چیکنگ کی۔ اس دوران حملہ آوروں نے لیویز چوکی پر قبضہ کر کے اہلکاروں کا اسلحہ بھی ضبط کر لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں بلوچستان کانسٹیبلری کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے چوکی پر موجود اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی، تاہم بلوچستان کانسٹیبلری کے حوالدار محمد جان ولد محمد یوسف نے مزاحمت کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ان کی عمر 47 سال تھی اور وہ خضدار کے رہائشی تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کانسٹیبلری کے اہلکار قلات سے ڈیوٹی مکمل کر کے خضدار واپس جا رہے تھے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور اسلحہ لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
تاحال کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
