
تفصیلات کے مطابق ضلع بولان کے علاقے ڈھاڈر میں اللہ یار شاہ کے قریب مسلح افراد نے پولیس کی گشتی ٹیم کو یرغمال بنا کر ان سے اسلحہ اور دیگر سامان ضبط کرلیا، بعد ازاں پولیس کی گاڑی کو بھی نذرِ آتش کردیا گیا۔ تاہم پولیس اہلکاروں کو وارننگ دینے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔
دوسری جانب دارالحکومت کوئٹہ کے سریاب علاقے میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بناکر ان سے اسلحہ، بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر سامان قبضے میں لیا اور فرار ہوگئے۔
علاوہ ازیں ضلع کیچ کے علاقے تربت میں ایم 8 شاہراہ پر واقع ایف سی کی ایک چیک پوسٹ کو نامعلوم حملہ آوروں نے نشانہ بنایا۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ سے قبل علاقے میں دو زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
