
بلوچستان کے ضلع گوادر کے تحصیل جیونی میں پاکستان کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں کی کارروائی کے دوران ایک زمباد گاڑی کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، واقعہ کنٹانی کراس کے قریب کوسٹل ہائی وے پر پیش آیا، جہاں سول لباس میں ملبوس اہلکار زمباد اور کرولا گاڑی میں سوار ہوکر کسی گاڑی کا تعاقب کر رہے تھے۔ تعاقب کے دوران جب مطلوبہ گاڑی نہ رکی تو اہلکاروں نے زمباد کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
مقامی مکینوں اور تاجروں نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات نہ صرف عام لوگوں میں عدم تحفظ کو جنم دے رہے ہیں بلکہ کاروباری سرگرمیوں پر بھی منفی اثر ڈال رہے ہیں۔
