
بلوچستان کے ضلع بارکھان سے ایک شخص کی گولیوں سے چھلنی لاش ملی ہے جس کی شناخت محمد نواز ولد شہسوار خان کے نام سے ہوئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، محمد نواز کو 10 ستمبر کو رکنی بارکھان کے علاقے سے پاکستانی فورسز نے حراست میں لیا تھا۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ کئی روز تک ان کی بازیابی کے لیے سرگرداں رہے، تاہم حکام نے نہ گرفتاری تسلیم کی اور نہ معلومات فراہم کیں۔ 30 ستمبر کو ان کی لاش برآمد ہوئی جس پر گولیوں کے متعدد نشانات پائے گئے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں بلیدہ اور اوتھل سے جبری گمشدگی کے شکار چار افراد کی لاشیں بھی برآمد ہوئی تھیں۔ ان میں شامل نیک سال ولد دلوش، سکنہ ماچی کلگ بلیدہ، عبد القدوس ولد حمید علی سکنہ ماچی کلگ بلیدہ، نزر محمد ولد عرض محمد سکنہ پروم اور جہانزیب روشن سکنہ پسنی ببر شور (لاش اوتھل زیرو پوائنٹ سے ملی)۔
مقامی ذرائع کے مطابق ان افراد کو پاکستانی فورسز اور ان کے ڈیتھ اسکواڈ نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کیا تھا۔