
بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل زہری میں صورتحال گزشتہ چار روز سے پرتشدد اور کشیدہ ہے، جہاں زمینی اور فضائی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے پیدل دستوں اور قافلوں کی شکل میں پیش قدمی شروع کی ہے، جبکہ ان کی مدد کے لیے ٹینک، ڈرون اور ہیلی کاپٹر بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ گزان، شاہموز اور قریبی پہاڑی مقامات پر کمانڈوز اتارے گئے ہیں اور میدانی راستوں سے بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
حکومتی یا عسکری حکام کی جانب سے تاحال آپریشن سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق اگست سے زہری کے بعض علاقوں میں بلوچ مسلح تنظیموں کا اثرورسوخ موجود ہے، جس کے نتیجے میں وقفے وقفے سے جھڑپیں، ڈرون نگرانی اور فضائی کارروائیوں کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔
علاقے میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی خدمات کی معطلی کی بھی اطلاعات ہیں، جبکہ فضائی نگرانی اب بھی برقرار ہے۔