
بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ میں پاکستانی فورسز کے قافلے کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز فوجی اہلکار موٹر سائیکلوں پر گشت پر تھے کہ اسی دوران سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ پھٹ گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں دو اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دو زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے ایک بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد تین ہوگئی، جبکہ ایک اہلکار زخمی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں فوجی قافلوں پر حملوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تاہم سرکاری سطح پر ہلاکتوں اور نقصانات کے بارے میں معلومات جاری نہیں کی جاتی ہیں۔ دوسری جانب زہری کے مختلف علاقوں میں گزشتہ تین روز سے بلوچ آزادی پسندوں اور فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
زہری میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی ہے، تاہم بلیدہ دھماکے کی ذمہ داری ابھی تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔