
بلوچستان کے علاقوں مشکے اور واشک میں مسلح افراد کے حملوں کے نتیجے میں فورسز کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پولیس اہلکاروں سے اسلحہ اور گاڑی بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مشکے کے علاقے میانی قلات میں قائم پاکستانی فورسز کے ایک کیمپ کو ہفتہ کی شام تقریباً چار بجے بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے دوران شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
جانی نقصان کے حوالے سے تاحال سرکاری سطح پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب واشک میں گزشتہ روز زَرد کے مقام پر مسلح افراد نے سی پیک روٹ پر ناکہ بندی کی۔ اس دوران پولیس کی گشتی ٹیم کو حراست میں لیا گیا اور اہلکاروں سے اسلحہ، گاڑی اور دیگر سامان ضبط کیا گیا۔ تاہم پولیس اہلکاروں کو بعد ازاں رہا کر دیا گیا۔
اب تک ان حملوں کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔