
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور ضلع پنجگور میں مسلح افراد نے دو مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے اہلکاروں کو حراست میں لیا اور اسلحہ و دیگر سامان اپنے قبضے میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق رات تقریباً نو بجے کے قریب کوئٹہ شہر میں شیخ زاہد ہسپتال کے قریب مرکزی شاہراہ پر بلوچ آزادی پسندوں نے ناکہ بندی قائم کی۔ اس دوران وہاں موجود پولیس اہلکار کو حراست میں لے کر اسلحہ ضبط کرلیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد آدھے گھنٹے تک شاہراہ پر موجود رہے اور اسنیپ چیکنگ جاری رکھی، بعد ازاں پولیس اہلکار کو رہا کردیا گیا۔
دوسری جانب پنجگور کے علاقے گومازین میں رات گئے مسلح افراد نے کسٹم چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ کارروائی کے دوران وہاں موجود اہلکاروں کو حراست میں لیا گیا جبکہ ایک گاڑی، دیگر سامان اور نقدی بھی اپنے قبضے میں لے لی گئی۔ تاہم اس دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ان کارروائیوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔