کراچی پریس کلب کے باہر لاپتہ طالب علم زاہد علی کے والدین کا احتجاج ایک روز کے لیے ملتوی

کراچی پریس کلب کے سامنے لاپتہ بلوچ طالب علم زاہد علی کے والدین کی جانب سے جاری دھرنے کو زاہد کے والد، عبدالحمید بلوچ، کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث ایک روز کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

اتوار کی صبح اچانک عبدالحمید بلوچ کی طبیعت بگڑ گئی۔ وہ پہلے ہی ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہیں۔ اہلخانہ انہیں مقامی کلینک لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں سخت آرام کا مشورہ دیا۔ اس صورتحال کے پیش نظر احتجاجی کیمپ میں جاری بھوک ہڑتالی کو عارضی طور پر ختم کرنا پڑا۔

زاہد علی کے والدین اور اہلخانہ گزشتہ چالیس روز سے کراچی پریس کلب کے سامنے دھرنا دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا چند ماہ قبل جبری طور پر لاپتہ کیا گیا اور اب تک نامعلوم مقام پر قید ہے۔

زاہد علی کراچی یونیورسٹی کا طالب علم ہے۔ وہ پڑھائی کے ساتھ رکشہ بھی چلاتا تھا تاکہ گھر کے اخراجات پورے کر سکے اور اپنے بیمار والد کے علاج کا بندوبست کر سکے۔ اہلخانہ کے مطابق ایک روز سیکورٹی فورسز نے زاہد کو رکشہ سمیت حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا، جس کے بعد سے اس کی کوئی خبر نہیں ملی۔

اہلخانہ نے بتایا کہ زاہد علی کے والدین پہلے بھی ماڑی پور کے قریب احتجاج کر چکے ہیں۔ اس وقت کراچی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ زاہد کے حوالے سے معلومات فراہم کی جائیں گی، تاہم کئی روز گزرنے کے باوجود کسی قسم کا رابطہ یا اطلاع نہیں ملی۔

زاہد علی کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کا بیٹا والدین کا واحد سہارا تھا اور گھر کا چولہا اسی کی محنت سے جلتا تھا۔ وہ اپنے بیمار والد کے علاج کے لیے مسلسل جدوجہد کرتا رہا، لیکن جب سے زاہد جبری گمشدگی کا شکار ہوا ہے، اہلخانہ شدید ذہنی اذیت اور کرب میں مبتلا ہیں۔

اہلخانہ نے ایک مرتبہ پھر حکومت، عدلیہ اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ زاہد علی کو منظر عام پر لایا جائے اور اس کی بحفاظت بازیابی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ان کے مطابق لاپتہ افراد کے لواحقین انصاف اور جواب دہی کے منتظر ہیں، مگر متعلقہ اداروں کی خاموشی ان کے زخموں کو مزید گہرا کر رہی ہے۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

کولواہ میں پاکستانی فوج کی فوجی جارحیت کے دوران خاتون شدید زخمی

اتوار ستمبر 14 , 2025
بلوچستان کے علاقے کولواہ میں پاکستانی فوج کی فوجی جارحیت کے دوران ایک خاتون شدید تشدد سے زخمی ہو گئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متاثرہ خاتون کی شناخت “دُرین” کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، فوج نے دُرین کے گھر پر دھاوا بول کر اسے بلڈوزر سے […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ