
کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو بعد از گرفتاری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
یہ مقدمہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ پر بغاوت اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت درج کیا گیا تھا، تاہم عدالت میں دلائل کے دوران وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمہ بغیر کسی ٹھوس ثبوت یا شواہد کے صرف ہراسانی اور دباؤ کے مقصد سے بنایا گیا تھا۔
عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا۔ وکلا کی جانب سے مقدمے سے مکمل بریت کے لیے بھی درخواست دائر کی گئی ہے۔ عدالت نے اس درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے 19 ستمبر کو حکم سنانے کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
وکلا کا کہنا ہے کہ مقدمے میں کوئی براہِ راست شہادت یا ثبوت موجود نہیں، اور یہ کیس سیاسی سرگرمیوں کو دبانے اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کی قیادت کو خوفزدہ کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔
