
بلوچستان کے اضلاع کیچ، قلات اور مستونگ میں مسلح افراد کی جانب سے پاکستانی فورسز اور معدنیات لے جانے والی گاڑیوں کو مختلف حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کیچ کے علاقے تمپ میں نذرآباد کے مقام پر پاکستانی فورسز کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو نامعلوم افراد نے بم دھماکے میں نشانہ بنایا۔ دھماکے کے نتیجے میں فورسز کی گاڑی تباہ ہو گئی جبکہ متعدد اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق بلوچ مسلح افراد نے علاقے میں شاہراہ پر ناکہ بندی کی تھی جس کے بعد فورسز کی پیش قدمی پر دھماکہ کیا گیا، تاہم حکام نے اس حملے کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
دریں اثناء قلات کے علاقے شیخری اور مورگند میں پاکستانی فورسز کو گھات لگا کر حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ حملوں میں ہونے والے نقصانات کے بارے میں فی الحال تفصیلات موصول نہیں ہو سکیں۔
اسی طرح مستونگ میں مسلح افراد نے معدنیات لے جانے والی ایک گاڑی کے ٹائروں پر فائرنگ کی، جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔
ان تمام حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔