
بلوچستان کے ضلع پنجگور اور مستونگ میں گزشتہ شب پیش آنے والے دو مختلف واقعات میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجگور کے علاقے سوردو سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت سبزل ولد لعل محمد کے نام سے ہوئی۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفی کی عمر تقریباً 47 برس تھی اور وہ وشاپ کے رہائشی تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق گزشتہ رات تقریباً تین بجے نامعلوم افراد ایک گاڑی میں سوار ہو کر سبزل کے گھر میں داخل ہوئے اور انھیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ بعدازاں ان کی لاش سریکوران کے قریب ملی جو گولیوں سے چھلنی تھی۔ واقعے کے محرکات تاحال سامنے نہیں آئے۔
دوسری جانب ضلع مستونگ کے علاقے دشت عمر ڈور میں پاکستانی فورسز کے ایک ڈرون (کواڈ کاپٹر) حملے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ مقامی افراد کے مطابق ڈرون سے بم گرائے جانے کے نتیجے میں بی ایچ یو عمر ڈور کے چوکیدار کو نشانہ بنایا گیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
