
بلوچستان اور سندھ میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز نے مختلف چھاپوں کے دوران گیارہ افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے مشکے کے گاؤں اوگار میں فورسز نے گھروں پر چھاپے مارے اور سات افراد کو جبری طور پر لاپتہ کردیا۔ لاپتہ افراد کی شناخت حفیظ ولد امام بخش، حضور ولد دادل، سلیم ولد محمد، علیم ولد سلیم، صمد ولد کریم بخش، باران ولد جمال اور ٹھیکیدار شکیل بلوچ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
اسی طرح سندھ کے ضلع ٹنڈو جام میں سندھ زرعی یونیورسٹی کے ہاسٹل پر چھاپے کے دوران چار بلوچ طلباء کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا گیا۔ طلباء کی شناخت عمران بلوچ، آفتاب بلوچ، غلام مصطفی بلوچ اور مہر اللہ بلوچ کے ناموں سے ہوئی ہے۔