
بلوچستان کے ضلع خاران میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر ایک نوجوان لڑکے اور لڑکی کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت گل نظر اور (ش) کے ناموں سے ہوئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں نوجوانوں کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، تاہم واقعے میں ملوث ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق بلوچستان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ہر سال درجنوں افراد غیرت کے نام پر قتل ہوتے ہیں۔ زیادہ تر متاثرہ خواتین ہوتی ہیں لیکن کئی واقعات میں مرد بھی نشانہ بنتے ہیں۔
دوسری جانب نوشکی کے علاقے کلی مینگل آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈگری کالج نوشکی کا ملازم شیر جان مینگل موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھے اور فائرنگ کے بعد وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تاہم قتل کے محرقات معلوم نہیں ہوسکے۔