
بلوچستان کے مختلف علاقوں زہری، اتھل، اور پنجگور میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خضدار کی تحصیل زہری میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ندیم ولد علی محمد قوم تراسانی کو ہلاک کردیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق سرکاری حمایت یافتہ گروہ “ڈیتھ اسکواڈ” سے تھا جو مبینہ طور پر بلوچ سرمچاروں کے خلاف کارروائیوں اور نوجوانوں کی جبری گمشدگی میں ملوث رہا ہے۔
ادھر اوتھل کے علاقے اوڑکی میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت عباس ولد حاجی عبدالمجید سکنہ قلات کے نام سے ہوئی ہے۔
لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔
دوسری جانب پنجگور کے علاقے زنڈین سے ایک لاش برآمد ہوئی جس کے جسم پر گولیوں کے نشانات تھے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت سمیع کے نام سے ہوئی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس اور مقامی انتظامیہ نے تینوں واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔