
اسلام آباد: بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے رہنماؤں کی رہائی اور بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے مطالبے کے لیے بلوچ لاپتہ افراد و زیرحراست رہنماؤں کے خاندانوں کا دھرنا وفاقی دارالحکومت میں 25ویں روز بھی جاری ہے۔
انتہائی گرمی، پولیس کی رکاوٹوں اور سایہ دار کیمپ لگانے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود، مظاہرین جن میں بزرگ خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اپنے مطالبات کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔ اسلام آباد پریس کلب جانے والا راستہ مسلسل بند ہے جبکہ حکام شرکاء کے مطالبات پورے کرنے کے بجائے انہیں ہراساں کرنے اور خوفزدہ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
مظاہرین نے کہا کہ وہ رہنماؤں کی رہائی اور بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔