
بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کے محکمہ انسانی حقوق کے ادارے پانک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نوجوان کریم بلوچ ولد منظور بلوچ کے پاکستانی فوج کی حمایت یافتہ مسلح ڈیتھ اسکواڈز کے ہاتھوں قتل پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا ہے کہ چند دن پہلے مہراج بلوچ کے قتل اورآج کریم بلوچ کے ماورائے آئین و قانون قتل،خطے میں جاری تشدد اور استثنیٰ کے بارے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
پانک نے کہا ہے کہ ریاستی حمایت یافتہ ڈیتھ اسکواڈز کی جانب سے لوگوں کو مستقل طور پر نشانہ بنانا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور اسے فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔ حکومت شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پانک بلوچستان کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑا ہے اور خطے میں انصاف، احتساب اور جبری تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔