اسلام آباد بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ نے سوشل میڈیا ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہاہے کہ بی وائی سی کے زیراہتمام ‘مظلوم افراد کی بین الاقوامی کانفرنس’ کا آغاز ہوچکا ہے ۔ تاہم آج پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے مختلف راستوں کو بند کردیا گیا ہے ۔ کانفرنس میں شرکت کیلئے آنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
انھوں نے لکھا ہے کہ کل رات سے اسلام آباد پولیس ” مظلوم اقوام کی بین القوامی کانفرنس“ کو ناکام بنانے کے لیے پر تشدد رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں اور ہمارے دھرنے کے منتظمین کی پروفائلنگ اور ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
جبکہ آج صبح سے”مظلوم اقوام کی بین القوامی کانفرنس“ کے شرکاء کو دھمکایا جا رہا ہے اور ان کو اندر داخلے سے روکا جا رہا ہے۔ خاردار تاریں اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ لائی گئی ہیں۔
ڈاکٹر ماہ رنگ کا کہنا ہے خدشہ ہے کہ پولیس ہمارے دھرنے پر کریک ڈاؤن کریگی ، ہم بلوچ عوام سمیت دنیا بھر کے انسان دوست لوگوں سے گزارش کرتے ہیں کہ اس ظلم و جبر کے خلاف کھڑے ہوجائیں اور آواز بلند کریں۔