![](https://urdu.zrumbesh.com/wp-content/uploads/2025/01/1000006226.jpg)
کوہلو میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کی چوکی کو گزشتہ رات حملے میں نشانہ بنایا تھا حملے میں دو اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجی اہلکاروں میں سے ایک کی شناخت راہب حسین ولد غلام حیدر کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق بلوچستان سے ہے جب کہ بتایا جا رہا ہے کہ آزاد کشمیر کا ایک اور فوجی اہلکار حملے میں ہلاک ہوا ہے تاہم اس کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کی چوکی پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا۔ حملے کے بعد فورسز نے مسلح افراد کے تعاقب میں سریلنس ڈرون کیمرہ فضا میں اڑایا تاہم مسلح افراد نے ڈرون کیمرہ بھی مار گرایا۔
جس کے بعد ڈیتھ اسکواڈ کے کارندے فورسز کی مدد سے مذکورہ مقام پر پہنچے تو مسلح افراد نے انہیں بھی حملے کا نشانہ بنایا اور انہیں پسپا کردیا۔
جبکہ بولان میں پاکستانی فورسز کی ایک چیک پوسٹ کو بھی حملے میں نشانہ بنایا گیا، حملے کے دوران کم از کم دس دھماکے اور شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس حملے میں فورسز کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم ابھی تک کسی تنظیم نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔